فروٹ و سبزی فروشوں اور دکانداروں نے سرکاری نرخ نامے ردی کی ٹوکری میں پھینک دئیے

0

جہلم: پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی کے باعث فروٹ و سبزی فروشوں اور دکانداروں نے سرکاری نرخ نامے ردی کی ٹوکری میں پھینک دئیے، افسران نے منڈیوں میں نیلامی کا جائزہ لینا بھی چھوڑ دیا، ناجائز منافع خوری کے باعث صارفین کی قوت خرید ختم ہو کر رہ گئی۔

ذرائع کے مطابق جہلم شہر کی سبزی و فروٹ منڈی میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم کی سربراہی میں پرائس کنٹرول کمیٹی قائم کی گئی جس میں شامل ضلع بھر کے افسران کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات حاصل ہیں لیکن موثر چیکنگ نہ ہونے کی وجہ سے ناجائز منافع خوروں کے حوصلے مزید بلند ہو رہے ہیں اور وہ بے خوف و خطر صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔

متعلقہ افسران نے سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کا جائزہ لینا بھی چھوڑ دیا ہے اور مارکیٹ کمیٹی کے ملازمین سبزیوں اور پھلوں کے نرخ نامے دوپہر کے وقت دکانداروں کو فراہم کرتے ہیں ،دکاندار اس نرخ ناموں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک کر اشیاء من مانے نرخوں پر فروخت کرنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے رواں ماہ کے دوران گراں فروشوں کے خلاف خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جس کے باعث ضلع بھر میں مصنوعی گراں فروشی عروج پر پہنچ چکی ہے۔

سماجی حلقوں نے صورت حال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب و دیگر صوبائی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزیوں اور پھلوں سمیت روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء کے نرخ کنٹرول میں رکھنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے۔

Advertisement

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.