کھیوڑہ گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل، صفائی کا عملہ غائب، بارشوں کے باعث گلی محلے تالاب میں تبدیل

0

پنڈدادنخان: میونسپل کمیٹی کھیوڑہ اور انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث کھیوڑہ شہر گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ،صفائی کا عملہ غائب ،نالے نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کا پانی گلی محلوں میں تلاب کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ انتظامیہ روائتی بے حسی کا شکار۔

تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے نکاسی آب کے ساتھ ساتھ صفائی کے ناقص انتظامات کے پول بھی کھول رہا ہے نالے اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث بارشوں کا پانی گلی محلوں میں کھڑا رہتا ہے جبکہ صفائی کا عملہ غائب ہے شہر کے متعدد وارڈ گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکے ہیں جبکہ انتظامیہ فوٹو سیشن اور بیانات پر زور دیئے ہوئے ہے ہر وارڈ میں دو دن کے بعد صفائی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ،سول ہسپتال کا نالہ عرصہ سے بند پڑا ہے اور گول مارکیٹ کے نالے کا گندہ پانی مین سڑک پر بہہ رہا ہے ۔

کھیوڑہ میونسپل کمیٹی میں شہر کی صفائی کے لیے مشینر ی اور عملہ موجود ہے لیکن پھر بھی صفائی کے انتظامات نظر نہیں آتے اگر صفائی کا عملہ بھولے سے کسی وارڈ میں صفائی کے لیا جاتا ہے تو وہ بھی برائے نام ہوتا ہے نالیوں سے گند نکال کر گلی میں پھینک دیا جاتا ہے جو بارش کے بعد پوری گلی میں کھڑا ہو جاتا ہے زیادہ بارش کے باعث یہ ہی گندہ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔کھیوڑہ میونسپل کمیٹی کے صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے شہری ذہنی اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

اہل علاقہ نے ڈی سی جہلم اور اے سی پنڈدادنخان سے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ کی بے حسی اور لاپرواہی کا نوٹس لے کر عوام کے حال پر رحم کریں۔

Advertisement

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.