Daily updated News, Photo & Vidoes website of Jhelum, Pakistan

پنڈ دادنخان پولیس چوکی میں تعینات نکے تھانیدارنے جنگل کا قانون نافذ کر لیا، صحافیوں کو دھمکیاں

0

پنڈ دادنخان پولیس چوکی میں تعینات نکے تھانیدار مظہر شاہ نے جنگل کا قانون نافذ کر لیا ، میڈیاکوحقائق سے آگاہ کرنے کی بجائے دھمکیاں دینا معمول بنا لیا۔ ضلع بھر کے صحافی راشی نکے تھانیدار کے خلاف سراپا احتجاج، ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق الیکٹرانک میڈیا پنڈدادنخان کے صحافیوں کو پنڈدادنخان کے متاثرہ افراد نے بتایا کہ پولیس چوکی پر تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر مظہر شاہ قبضہ مافیا کی پشت پناہی کر رہا ہے اور قبضہ مافیا کے ساتھ مک مکا کے بعد متاثرہ افراد کو پولیس چوکی کے اندر بٹھا کر ان کی قیمتی جگہ پر قبضہ کروارہاہے ۔ جس کا موقف جاننے کے لئے الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی جب پولیس چوکی پنڈدادنخان پہنچے تو کرپٹ راشی اسسٹنٹ سب انسپکٹرمظہر شاہ آپے سے باہر ہوگیا۔

نکے تھانیدار نے وردی اور چوکی کی پر واہ کئے بغیر صحافیوں کو کوریج سے روکتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینی شروع کر دیں ۔ جس پر میڈیا ٹیم نے بپھرے ہوئے تھانیدار کو بتایا کہ متنازع جگہ کے حقائق جاننے کے لئے پولیس چوکی آئے ہیں آپ نے متاثرہ افراد کی دادرسی کرنے کی بجائے الٹا انہیں مشتبہ کے طور پر بٹھا رکھا ہے جو کہ سخت زیادتی ہے ۔ جس پرمظہر شاہ نے صحافیوں کی ایک نہ سنی اورمیڈیا ٹیم کو دھکے دے کر پولیس چوکی سے باہر نکال دیا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ مزکورہ تھانیدار اس سے قبل ایچ، آئی ، یو میں بطور تفتیشی تعینات رہ چکاہے ، اور تھانہ چوٹالہ میں مقتول کے ورثاء سے رشوت وصول کر رہا تھا جس کی ریکارڈنگ متاثرہ افراد نے ڈی پی او جہلم کو پیش کی تمام ثبوت ملنے کے بعد ڈی پی او جہلم حافظ عبدالغفار قیصرانی نے سب انسپکٹر مظہر شاہ کی تنزلی کرتے ہوئے اسسٹنٹ سب انسپکٹر مقرر کر دیا لیکن راشی ، اے ایس آئی آج بھی رشوت کا بازار گرم کئے ہوئے ہے۔

الیکٹرانک میڈیا پنڈدادنخان کے صحافیوں نے ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپٹ ، بدعنوان اے ایس آئی مظہر شاہ کی تنزلی کرکے ضلع بدر کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ بدا خلاق پولیس افسر سے شہری محفوظ رہ سکیں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.