Daily updated News, Photo & Vidoes website of Jhelum, Pakistan

ضلع جہلم میں موسلادھار بارش سے جل تھل ہوگیا، پنڈدادنخان میں بارش نے تباہی مچادی

0

جہلم: ضلع بھر میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، متعدد کچے مکانات کی دیواریں گر گئیں،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

ضلع کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، پنڈدادنخان اور سوہاوہ سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے سے جاری ہے، بارش نے موسم خوشگوار اور گرمی کی شدت کو کم کردیا، تاہم پنڈدادنخان میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی،بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ، پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کومشکلات کا سامنا ہے۔تحصیل جہلم،سوہاوہ، دینہ، پنڈدادنخان اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی،متعدد کچے مکانات کی دیواریں گر گئیں۔

دینہ میں شدید بارش سے منگلا روڈ پر بڑے بڑے درخت گر گئے, منگلا روڈ مکمل بلاک, درخت گرنے سے ایک گاڑی مکمل تباہ جبکہ ڈرئیوار محفوظ رہا۔ ایک اور حادثے میں منگلا روڈ پر درخت گرنے سے رکشےکی چھت ٹوٹ گئی اور ڈرئیوار زخمی ہو گیا۔

پنڈدادنخان کے مضافاتی یونین کونسل گجر کے گاؤں سوڈی میں بارش کے پانی نے تباہی مچادی، کھیوڑہ کے پہاڑوں پر چھ گھنٹے مسلسل موسلادھار بارش کے باعث بارشی پانی نے قریبی قصبہ سوڈی کے مکینوں کی طرف سے حفاظت کے لیے بنایا جانے والا بندٹوٹ گیا جس کی وجہ سے پانی کے زوردار ریلے نے گاؤں میں داخل ہوکر تباہی مچادی ۔گاؤں کی گلیوں اور لوگوں کے گھروں میں ابھی تک پانی کھڑا ہے اور آمدورفت کے تمام راستے بند ہیں ۔

پہاڑی آبادی چک شفیع تک رسائی بھی ناممکن ہے، اطلاعات کے مطابق وہاں پر بھی پہاڑی پانی کے ریلے نے تبائی مچادی، پانی کا ریلا اتنا شدید اور تیز تھا کہ قریبی ڈھوک کے ڈیروں پر کھڑے ہوئے ٹریکٹر تک پانی میں بہہ گئے، متعدد کچے مکانات کی دیواریں گر گئیں جبکہ گاؤں کے مکین موسم کی مسلسل خرابی کے باعث خوف و ہراس میں مبتلا ہیں اور دوبارہ بارش کے خوف کی وجہ سے اپنے گھروں میں جانے سے ڈرے ہوئے ہیں۔

وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کرگئے ہیںاور عوام کو طویل لوڈشیڈنگ کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آخری اطلاعات موصول ہونے تک ضلع جہلم کے کئی علاقوں میں اب بھی بجلی بند ہے جبکہ تحصیل دینہ میں صبح 9بجے سے بجلی کی لائنوں کی مرمت کی وجہ سے بجلی بند ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.