Daily updated News, Photo & Vidoes website of Jhelum, Pakistan

فواد چوہدری کے خلاف سوشل میڈیا پر کمپین چلانے والا ملزم دینہ سے گرفتار

ملزم نے فواد چوہدری کو بدنام کرنے کیلئےممتاز قادری سے متعلق جعلی پوسٹ بنا کر سوشل میڈیا پر شائع کیں۔ ایف آئی اے

0

دینہ: فواد چوہدری کے خلاف سوشل میڈیا پر کمپئین چلانے والا ملزم دینہ سے گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انتخابات کا وقت قریب آتا جارہا ہے ۔انتخابات میں محض 3 ہفتوں کا وقت باقی رہ چکا ہے۔ایسے میں سیاسی جماعتوں نے انتخابات کی بھرپور تیاری شروع کر رکھی ہے،ووٹرز کو لبھانے کے لیے بھرپور انتخابی مہم جاری و ساری ہے۔

ان انتخابات کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس مرتبہ انتخابی مہم میں سوشل میڈیا انتہائی اہم کردار ادا کررہا ہے۔آج کے دور میں سوشل میڈیا کی طاقت کو مد نظر رکھتے ہوئے اگر یہ کہا جائے کہ سوشل میڈیا الیکشن مہم چلانے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن چکا ہے تو یہ غلط نہ ہو گا۔ سوشل میڈیا سائٹس ٹویٹر، فیس بُک اور انسٹاگرام پر تمام سیاسی جماعتوں کے آفیشل اور ان آفیشل پیجز اور اکاؤنٹس موجود ہیں جن کے ذریعے پارٹی قیادتیں اپنے اپنے کارکنوں سے رابطے میں رہتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان کافی ایکٹو نظر آتے ہیں اور اکثر ہی کسی موضوع پر بحث کرتے نظر آتے ہیں۔لیکن حقیقتاً پاکستان تحریک انصاف کو دوسری سیاسی جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ ن پر اب بھی سوشل میڈیا پر برتری ہی حاصل ہے ۔ تاہم کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اپنے مخالفین کے خلاف مہم جوئی بھی سوشل میڈیا پر ہی چلا رہے ہیں ،اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے خلاف فیس بک پر انتہائی زہریلی مہم جاری تھی جس میں انکی کردار کشی کی جارہی تھی ۔

فواد چوہدری نے اس حوالے سے ایف آئی اے کو آگاہ کیا جس کے بعد ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے دینہ سے مرکزی ملزم محمد ہارون علی ولد راجہ محمد خلیل اختر سکنہ شہامد پور گڑھ محل تحصیل دینہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس نے بتایا کہ فیس بک پر جعلی اکاؤنٹ ہارون علی کے نام سے تھا تاہم گرفتار کیے جانے والے نوجوان کے موبائل فون میں متنازع مواد موجود ہے جسے قانونی کارروائی کیلئے فارنزک تجزیہ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

خالد انیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشتبہ شخص مسلم لیگ (ن) کا ورکر ہے جو رو عمران رو نامی فیس بک اکاؤنٹ چلا رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے فواد چوہدری کو بدنام کرنے کیلئےممتاز قادری سے متعلق جعلی پوسٹ بنا کر سوشل میڈیا پر شائع کیں جس سے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے فیس بک پر متنازع اکاؤنٹ چلانے کے لیے کسی سے معاوضہ نہیں لیا بلکہ مسلم لیگ (ن) سے دلی ہمدردی کے نتیجے میں یہ اقدام کیا۔ہارون علی کے خلاف الیکڑونک کرائم ایکٹ کے سیکشن 24 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ،یہ قابل ضمانت جرم ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 3 سال قید ہو سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.